22 ستمبر 2025 - 17:14
دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا ایک بار پھر مہلک اور پشیمان کن جواب دیں گے، سپاہ پاسداران

سپاہ پاسداران نے ایک بیان میں زور دے کر کہا کہ اگر دشمن کی طرف سے کوئی نئی حساباتی غلطی (‏Miscalculation) اور جارحیت سرزد ہوتی ہے، تو اسلامی جمہوریہ ایران اسے ایک اور مہلک اور سبق آموز جواب دے گا۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || سپاہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق، ہفتۂ دفاع مقدس کے موقع پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

"ہفتۂ دفاع مقدس" درحقیقت عوامی مزاحمت کی فتح کا جشن ہے، اور اسلامی انقلاب کے تاریخ کے سب سے تابناک باب کی یاد دہانی کراتا ہے اور ملک کے لئے باعث فخر اور عالمی پیمانے پر مزاحمت و مقاومت کا سرچشمہ ہے۔ دفاع مقدس وہ باب ہے جس میں ایرانی قوم نے ایمان، اتحاد اور الہی قیادت پر بھروسہ کرتے ہوئے، ایران کی علاقائی سالمیت، انقلاب اور اسلامی نظام کے خلاف دشمن کی ہمہ جہت اور عالمی جارحیت کو ناکام بنایا اور ملک کی عزت، آزادی اور علاقائی سالمیت کو شاندار طریقے سے محفوظ رکھا۔

دفاع مقدس کی عظمت اس وقت عیاں ہوجاتی ہے کہ جب ہم اس سے پہلے کی جنگوں کے نتائج پر غور کرتے ہیں تو ہمیں ہتھیار ڈالنا، شکست، سیاسی اور سماجی ذلت اور علاقوں کو کھو دینے کے سوا کوئی اور نتیجہ یاد نہیں آتا۔ دفاع مقدس کے بعد کے 37 سالوں میں، اسلامی جمہوریہ ایران کے مسلح افواج ـ دفاع مقدس کے درس اور کامیابیوں سے سبق لے کر اور اسلامی انقلاب کے عظیم رہبر اور کمانڈر ان چیف حضرت امام خامنہ ای (حفظہ اللہ) کی قیادت میں ـ عالمی جنگوں کے پیمانے پر خودکفالت، تسدید (ڈیٹرنس) اور جنگی تیاری کے مؤثر سطح تک پہنچ گئی ہیں، جس کی جھلکیاں ہر کسی نے 12 روزہ دفاع مقدس میں دیکھی ہیں۔

دفاع مقدس کے پینتالیسویں سال کے آغاز کے اس تاریخی موقع پر، ـ جسے 12 روزہ دفاع مقدس کے موسم نے قومی اتحاد و یکجہتی اور انقلاب اور اسلامی نظام کے خلاف ناپاک اور شیطانی مقاصد حاصل کرنے میں صہیونی اور امریکی جارحین کی ناکامی اور شکست کا کا مظہر بنا دیا ہے، ـ ہم عظیم ایرانی قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ عوامی طاقت سے لیس طاقتور اور عظیم سپاہ پاسداران دیگر مسلح افواج کے ہمراہ اپنی جنگی صلاحیت، جارحانہ اور دفاعی قوت اور تزویراتی استعداد میں روز بروز اضافہ کر رہی ہے۔

پہلے اور دوسرے دفاع مقدس کے تجربات نے عیاں کر دیا ہے کہ "موثر تسدید (ڈیٹرنس)، ـ مستقل تیاری، حکمت عملی، جنگی روشوں اور کارروائیوں میں تخلیقی سوچ، اور تمام شعبوں میں جدید دفاعی و فوجی ٹیکنالوجیز اور نظامات کے مسلسل فروغ کا ـ نتیجہ ہے۔" اسی بنیاد پر، مختلف شعبوں میں مسلح افواج کی صلاحیتوں میں اضافے کا عمل جاری رہے گا اور اگر دشمن کی طرف سے کوئی نئی حساباتی خطا (Miscalculation)، غلط فہمی اور جارحیت سرزد ہوئی، تو اسلامی جمہوریہ ایران جنگ کے میدان میں برتری ضرور حاصل کرے گا اور دشمن کو ایک اور ہلاکت خیز اور سبق آموز جواب دے گا۔

حالیہ مسلط کردہ جنگ کے تجربے نے یہ ظاہر کیا ہے کہ حتیٰ کہ معاشی پابندیوں کی انتہائی سخت ترین صورت حال اور مختلف شعبوں میں دشمنوں کے زیادہ سے زیادہ کثیر الجہتی دباؤ کے باوجود، ملک کی مسلح افواج ـ ایک مضبوط کمانڈنگ ڈھانچے ـ مقامی سائنسز اور صلاحیتوں پر انحصار کرتے ہوئے فوجی اور دفاعی شعبے میں خودکفالت، بالیدگی اور تسدید (ڈیٹرنس) کی ایک ایسی سطح تک پہنچنے میں کامیاب رہی ہیں جہاں وہ دنیا کی جدیدتریں فوجوں کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے دشمن کو اس کے عزائم میں میں ناکام بنا سکی ہیں۔

اسلامی جمہوریہ کے خلاف دو مسلط کردہ ہمہ گیر، شدید اور عالمی جنگوں میں دشمنوں کی شکست، اور سکیورٹی، سیاسی، معاشی، نفسیاتی، ابلاغیاتی اور دیگر محاذوں پر دشمنوں کی ناکامیوں اور اندرونی انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے ہونے والی سازشوں کی ناکامی سے ثابت ہؤا ہے کہ ایرانی قوم نے ہوشیاری، بصیرت اور مقدس اتحاد کے ساتھ دشمن کی مرکب جنگ (Hybrid warfare) کے خلاف فولادی قلعے کی طرح ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور ان کے منصوبوں کو ناکام بنایا ہے۔ جس طرح کہ ایرانی عوام ضرورت پڑنے پر کسی بھی جارح اور مداخلت کار کو نئے سبق سکھانے کے لئے تیار ہیں۔

جیسا کہ حضرت امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) نے فرمایا: "ہمارے لئے دفاع مقدس کا ہر دن ایک برکت لے کر آیا"، یہ برکتیں آج جدیدترین دفاعی ٹیکنالوجیز کی ترقی سے لے کر سائنسی اور سماجی صلاحیتوں کے فروغ تک، تمام شعبوں میں نظر آ رہی ہیں اور ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ قومی آزادی اور سلامتی کو یقینی بنانے کا واحد راستہ مزاحمت اور ترقی کا راستہ ہے۔

اسلامی وطن کے خلاف دشمن کے کیمپ کی طرف سے کسی بھی قسم کے خطرے اور جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے غیور ایرانیوں کی ذہانت اور مقدس اتحاد کا شکریہ ادا کرتی ہے، اور خبردار کرتی ہے کہ دشمنوں، خاص طور پر جعلی اور مجرم صہیونی ریاست اور متکبر اور عیار امریکی حکمران طبقے کی جانب سے اسلامی جمہوریہ کے قومی مفادات اور سلامتی یا علاقائی سالمیت کے حوالے سے کسی بھی غلطی کو مسلح افواج اور وطن کے عظیم مدافعین، خاص طور پر "انقلاب اسلامی کے بہادر پاسداروں" کی طرف سے فیصلہ کن، تباہ کن، بروقت اور پشیمان کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha